میلبور ن (این این آئی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قرنطینہ کے دور ان نئی دلچسپ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وسیم اکرم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ماتھے
اور سر کے اوپری حصے سے گنجے نظر آ رہے ہیں ،سر کے اطراف اْن کے سفید بال ہیں۔وسیم اکرم کا اپنی نئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ میں کہنا ہے کہ قرنطینہ میں 12 دن رہنے کے بعد، اْنہیں اس دوران اپنا ریزر نظر آ گیا، اب سب خوش ہیں ؟وسیم اکرم کی جانب سے اپنی اس پوسٹ میں ہنسنے والے ایموجیز کا بھی استعمال کیا گیا ہے، وسیم ا کرم کی یہ تصویر دیکھ کر اْن کے مداح بھی ہنسنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔وسیم اکرم کی یہ تصویر یقینا اس سے قبل کی ہے اور انہوں نے اپنی اس تصویر کے ذریعے اپنے چاہنے والوں کے ساتھ مذاق کیا ہے کیوں کہ اس سے قبل وسیم اکرم کی جانب سے اپنے ٹوئٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں انہیں مونچھوں میں دیکھ کر اْن کے مداح خوش اور اْن کی اہلیہ شنیرا اکرم خفا ہو گئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ برس سے شنیرا بیٹی کے ہمراہ کورونا وبا کی وجہ سے لگی سفری پابندیوں کے باعث آسٹریلیا میں ہی پھنسی ہوئی ہیں۔وسیم اکرم اہلیہ شنیرا اکرم اور بیٹی عائلہ سے طویل مدت بعد ملنے میلبورن پہنچے ہیں اور قرنطینہ کے دنوں کے خاتمے کے بعد دونوں سے ملاقات کریں گے۔