کابل (مانیٹر نگ ڈیسک/ این این آئی )افغانستان سے غیر ملکیوں اور سفری دستاویزات رکھنے والے افغان شہریوں کو 31 اگست کے بعد بھی انخلا کی اجازت مل گئی ہے۔طالبان کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ غیر ملکیوں اور سفری دستاویزات رکھنے والے
افغانوں کو 31 اگست کے بعد بھی افغانستان سے انخلا کی اجازت ہو گی۔طالبان نے 100 ممالک کو یقین دہانی کروائی ہے جبکہ اس حوالے سے ان ممالک نے مشترکہ بیان بھی جاری کیا ہے۔طالبان نے جن 100 ممالک کو مسافروں کے انخلا کی یقین دہانی کروائی ہے ان میں امریکا، برطانیہ، فرانس، جرمنی، نیٹو اور یورپی یونین شامل ہیں لیکن اس فہرست میں روس اور چین کا نام شامل نہیں ہے۔امریکا کے قومی سلامتی مشیر جیک سولیوان نے کہا کہ طالبان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ کوئی امریکی افغانستان میں رک گیا ہے تو وہاں پھنسے گا نہیں بلکہ اسے 31 اگست کے بعد بھی جانے کی اجازت ہو گی۔دوسری جانب برطانوی سفارت خانے کا عملہ افغانستان سے انخلا میں جلدی کے چکر میں ملکہ برطانیہ کی تصویر سفارت خانے میں ہی چھوڑ کر چلا گیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکام نے جلد بازی میں کابل میں موجود برطانیہ کے سفارت خانے کو بند اور سوشل میڈیا اکائونٹ کو بھی مکمل طور پر بند کردیا۔برطانوی عملہ جلد بازی میں ملکہ برطانیہ کا پوٹریٹ اور اہم دستاویزات سفارت خانے میں ہی بھول گیا۔ سفارت خانہ خالی ہونے کے بعد طالبان نے اس کا کنٹرول سنبھال لیا اور انہوں نے اندر موجود دستاویزات کی تصدیق بھی کی ۔افغان طالبان نے برطانیہ کو یقین دہانی کرائی کہ ملکہ کی تصویر اور دیگر دستاویزات کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، کسی بھی چیز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔ طالبان کا کہناتھا کہ جب تک برطانیہ ہماری حکومت کو تسلیم کرکے اپنے سفارت کار واپس نہیں بھیج دیتا تب تک ہرچیز جوں کی توں رکھی جائیگی اور ہم ملکہ کی تصویر کا بھی خیال رکھیں گے۔