اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک/اے پی پی )وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جمعہ کے روز اورسیز پاکستانیوں کے لیے ’’روشن اپنا گھر ‘‘ کے پروگرام کا افتتاح کر دیا گیا ہے ،جس کے تحت اوورسیز پاکستانی گاڑی کے ساتھ گھر بھی خرید سکیں گے۔ اسی حوالے سے
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان جمعےکو روشن اپنا گھر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کریں گے۔یہ بات پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 11 ماہ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 2 ارب ڈالر پہنچ گئے ہیں، جس پر سمندر پار پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل جاوید خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ روشن اپنا گھر سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسٹیٹ بینک اور وزارتِ خزانہ کا بہترین اقدام ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی و فروغ خصوصاً کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیشرفت حکومت کی اولین ترجیح ہے،تعمیرات میں استعمال ہونے والے خام مال اور اسی طرح گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے اور ان اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام بروئے کار لائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بنیادی اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی میٹریل کی طلب و رسد اور اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں سیمنٹ اور سریا کی طلب و رسد اور قیمتوں کی صورتحال کے علاوہ گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور قیمت سے متعلقہ معا ملات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی و فروغ خصوصاً کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیش رفت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات میں استعمال ہونے والے خام مال اور اسی طرح گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے اور ان اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام بروئے کار لایا جائے۔