کابل (این این آئی)شمالی اتحاد سمیت افغانستان کی متعدد اہم شخصیات نے جلال الدین حقانی کے بھائی خلیل حقانی کے ہاتھ پر بیعت کرلی۔اطلاعات کے مطابق افغان طالبان کیحقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی خلیل حقانی سخت سکیورٹی میں افغان وزارت داخلہ پہنچے جہاں ان سے شمالی اتحاد سمیت افغانستان کے متعدد معززین نے ملاقات کی
اور بیعت کرکے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔خیال رہے کہ خلیل حقانی حقانی نیٹ ورک کے پہلے دو اہم ترین افراد میں ایک ہیں۔دوسری جانب سابق افغان صدر اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی نے بھی طالبان کی حمایت کا اعلان کردیا۔حشمت غنی نے افغانستان کے لیے امن کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ احمد شاہ مسعودکے بیٹے احمد مسعود بھی طالبان سے امن معاہدے پر راضی ہیں۔انہوں نے کہاکہ طالبان امن اور تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، طالبان امن اور تحفظ دیں، ہم ان کی مدد کریں گے دوسری جانب افغانستان کے سابق صدر اشرف غنی کے بھائی حشمت غنی احمد زئی نے افغان طالبان کی حمایت کا اعلان کر دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے حشمت غنی احمد زئی کی طالبان کی حمایت کے اعلان کی ویڈیو جاری کی گئی۔اس سے قبل حشمت غنی کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے بھائی اشرف غنی افغانستان سے فرار کے بعد مشرقِ وسطی کے کسی ملک میں ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ طالبان کے آنے سے اب تک کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، اشرف غنی اور حامد کرزئی کے دورِ اقتدار میں کرپشن عام تھی۔میڈیا سے بات چیت کے دوران حشمت غنی احمد زئی نے کہا تھا کہ امید ہے کہ طالبان افغان عوام کو امن دیں گے۔حشمت غنی نے یہ بھی بتایا تھا کہ طالبان لمحہ بہ لمحہ میری خیریت معلوم کرنے کے لیے کال کر رہے ہیں۔