اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ رکشہ سوار خاتون کی بیحرمتی پر ایف آئی آر درج ہوگئی ہے،
اوباش گھٹیا ملزمان جلد پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔ اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ ایک اور ویڈیو جس میں موٹرسائیکل پر بیٹھی خاتون سے بدتمیزی ہوئی اس پر تفتیش ہو رہی ہے۔شہباز گل نے کہا کہ مینار پاکستان کیس میں 66 گرفتاریاں ہو چکی ہیں، 40 ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے بھیج دیا، باقی کو پیر کے روز بھیجا جائے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ پولیس مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔شہباز گل نے کہا کہ ایسے واقعات معاشرے کی افسوسناک حقیقت ہیں، ہم سب کو اس لعنت کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 300 سے زائد افراد سے پوچھ گچھ ہو رہی ہے جبکہ 70 افراد کی شناخت ہو گئی ہے۔