کابل،لاہور ، اسلام آباد (این این آئی)افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد شنواری نے کہا ہے کہ افغان ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کھیلے گی، ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کے بھی متمنی ہیں۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ ان کی ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز شیڈول
کے مطابق کھیلے گی، اور یہ ایونٹ آئندہ دو ہفتوں میں سری لنکا میں ہوگا۔ افغانستان میں ایک ہفتے قبل حکومت کے خاتمے کے بعد جمعہ کو افغان بورڈ چیف نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کی ایک مرتبہ پھر تیاری شروع کردی ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورہ پاکستان سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے سیکیورٹی اپکسپرٹ ڈیوڈ اسنیئر لاہور پہنچ گئے۔ سیکیورٹی ایکسپرٹ ریگ ڈیکاسن کل اتوار صبح لاہور پہنچیں گے، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ بورڈز نے سیکیورٹی ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں، سیکیورٹی ماہرین آئندہ ہفتے سے کام کا آغاز کریں گے۔سیکیورٹی ماہرین کو پنجاب اور فیڈرل افسر بریفنگ دیں گے، سیکیورٹی افسر قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے۔علاوہ ازیں سابق کپتان رمیز راجہ کے نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بننے کے امیدوار میں شامل ہونے کا امکان ہے، موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی کی تین سالہ مدت 18 ستمبر کو مکمل ہو
رہی ہے۔کرکٹ بورڈ کے پیٹرن کی حیثیت سے وزیراعظم عمران خان آئندہ چند روز میں گورننگ بورڈ میں دو نام دیں گے۔اطلاعات کے مطابق احسان مانی کی جگہ رمیز راجہ کا نام شامل کیے جانے کی باتیں گردش کر رہی ہیں۔رمیز راجہ کرکٹ سے الگ ہونے کے بعد کافی عرصے سے کرکٹ کمینٹری کر رہے ہیں۔