لاہور(این این آئی) بزدار حکومت کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس کے قومی ہیروز اورپاکستانی کوہ پیمائوں کے لئے خصوصی انعامات ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں ٹوکیو اولمپکس میں قوم کا نام روشن کرنے و الے کھلاڑیو ں اور کے ٹو چوٹی سر کرنے والے کوہ پیمائوں نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ٹوکیو اولمپکس میں نیزہ بازی او رویٹ لفٹنگ میں نمایاں
کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم، طلحہ طالب، کوچ سید فیاض بخاری اور کوہ پیما ئوں ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو20 ، 20لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم اور طلحہ طالب کو10 ، 10لاکھ روپے جبکہ محکمہ انرجی کی طرف سے بھی10 ، 10لاکھ روپے دئیے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کوہ پیما ئوںساجد علی سدپارہ ، شہروز کاشف کو10 ،10لاکھ روپے اور کوچ سید فیاض بخاری کو 5لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شاندار کارکردگی پر ارشد ندیم، طلحہ طالب،شہروزکاشف، ساجدعلی سدپارہ اور سید فیاض بخاری کو مبارکباد دی۔ وز یراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹوکیواولمپکس میںارشد ندیم او رطلحہ طالب نے ملک کا نام روشن کیا ۔ شہروز کاشف اورساجد علی سدپارہ نے کم عمری میں کے ٹو جیسی خطرناک ترین چوٹی سر کر کے اپنے بلند عزم کا اظہار کیاہے۔ آپ پاکستان کے حقیقی ہیرو ہیںاور قوم کو آپ پر فخر ہے اور آپ جیسے کھلاڑی پاکستان کا سرمایہ ہیں۔ پنجاب حکومت ارشد ندیم ،طلحہ طالب،ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی اور آپ جیسے نوجوانوںکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے حکومت ہر ممکن سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوہ پیمائی بلند حوصلہ نوجوانوں کاکھیل ہے،شہروز کاشف اورساجد علی سدپارہ نے قابل تقلید مثال قائم کی۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سپورٹس کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرے گی۔ دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ آپ کوآئندہ مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پہلے بھی میری حوصلہ افزائی کی اور آج بھی ہمیں عزت دی ہے۔ آئندہ اولمپکس میں میڈل جیتنے کی پوری کوشش کروں گا اور قوم کی توقعات پر پورا اتروں گا۔ طلحہ طالب نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے حوصلہ افزائی ہمارے عزم کو مزید بڑھائے گی۔ ساجد سدپارہ اور شہروز کاشف نے کہا کہ حکومت پنجاب کی پذیرائی پر حوصلے بلند ہوئے۔ صوبائی وزیر کھیل تیمور علی بھٹی، صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک، صوبائی وزیر جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے کھیل عمر فاروق،اولمپکس ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر عامر جان، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز قائد اعظم تھرمل پاور لمٹیڈعبدالباسط اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجو د تھے ۔