اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی) افغان حکومت میں نئی عبوری حکومت کے قیام کا معاہدہ طے پاگیا ہے ، افغان صدر اشرف غنی نے استعفیٰ دیدیا ہے، اشرف غنی نے استعفیٰ طالبان سے مذاکرات کے بعد دیا۔افغان وزیرداخلہ کے مطابق معاہدہ میں طے پایا ہے کہ کابل پر حملہ نہیں ہوگا۔ذرائع کے مطابق سابق افغان وزیرداخلہ علی احمدجلالی عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے جبکہ بعض غیرملکی ذرائع یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ افغانستان میں عبوری حکومت ملا عبدالغنی کی سربراہی میں قائم ہوگی۔قبل ازیں افغانستان کے قائم مقام وزیر داخلہ عبدالستار میرز کوال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابل پر حملہ نہ کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔قائم مقام افغان وزیر داخلہ نے بتایا کہ معاہدے کے تحت عبوری حکومت کو اقتدار کی منتقلی پرامن ماحول میں ہو گی۔دوسری جانب افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ طالبان کو اقتدار کی منتقلی کے لیے افغان صدارتی محل میں مذاکرات جاری ہیں جس میں عبداللہ عبداللہ ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔افغان میڈیا کے مطابق علی احمد جلالی کو نئی عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا جائے گا۔