مقبوضہ الخلیل (این این آئی)قابض اسرائیلی فوج نے نماز جمعہ کے موقعے پر مسجد ابراہیمی میں فلسطینی نمازیوں پر وحشیانہ تشدد کیا جس کے نتیجے میں متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ جمعہ کو نماز جمعہ کے موقعے پر
اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے مسجد ابراہیمی کا محاصرہ کیا اور مسجد میں گھس کر نہ صرف مقدس مقام کی بے حرمتی کی بلکہ مسجد میں نماز جمعہ کے لیے آئے فلسطینی مسلمانوں پر وحشیانہ تشدد کیا۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کے وحشیانہ تشدد سے درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ بیسیوں آنسوگیس کی شیلنگ اور صوتی بموں سے متاثر ہوئے۔خیال رہے کہ الخلیل شہر کے فلسطینیوں کی بڑی تعداد نماز جمعہ کی ادائی کے لیے مسجد ابراہیمی میں پہنچے۔اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں اور تشدد کے باوجود بڑی تعداد میں فلسطینی مسجد ابراہیمی میں نماز جمعہ ادا کرنے میں کامیاب رہے۔ادھر مسجد ابراہیمی کے ڈائریکٹر حفظی ابو سنینہ نے نمازیوں پر اسرائیلی فوج کے تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قابض فوج کی غنڈہ گردی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نہتے نمازیوں کو مسجد میں گھس کرتشدد کا نشانہ بنانا اور انہیں مسجد سے نکالنا اسرائیلی فوج کی بدمعاشی اور مذہبی دہشت گردی کا کھلا ثبوت ہے۔