کراچی(این این آئی)وزیرِ اعلی سندھ سید مرا دعلی شاہ نے شکار پور کے کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ڈاکووں کو ہلاک کرنے والی پولیس کی پارٹی کو شاباش دیتے ہوئے انہیں 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔شکارپور پولیس نے گزشتہ رات
2 بدنامِ زمانہ ڈاکووں جنگل عرف موٹو تیغانی اور جان محمد تیغانی کو پولیس مقابلے میں ہلاک کیا تھا۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ کے مطابق دونوں ڈاکو 2 پولیس اہلکاروں منور جتوئی اور عبدالخالق کے قتل میں ملوث تھے۔جنگل تیغانی کے خلاف 36 ایف آئی آرز مختلف تھانوں میں درج ہیں، جبکہ جان محمد تیغانی 21 ایف آئی آرز میں پولیس کو مطلوب تھا۔دونوں ڈاکو قتل و غارت، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں اور مختلف ڈکیتیوں میں ملوث تھے۔وزیرِ اعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہاکہ دونوں ڈاکوؤں کے قتل سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔وزیرِ اعلی سندھ کی جانب سے پولیس مقابلے میں حصہ لینے والی پولیس پارٹی کو شاباش کے خط بھی دیئے جائیں گے۔یاد رہے کہ دونوں ڈاکو پولیس اور علاقے کے لوگوں کو ڈرانے کے لیے ویڈیو پیغامات بھی جاری کرتے تھے، دونوں ڈاکو اپنا جدید اسلحہ اپنے ویڈیو پیغامات کے ذریعے دکھاتے تھے۔دونوں ڈاکو کشمور، جیکب آباد اور شکار پور کے اضلاع میں دہشت کی علامت سمجھے جاتے تھے۔