اسلام آباد (آن لائن ) نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر(این سی او سی ) نے ملک میں کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ 42 سے کم کرکے 28 دن کردیا اور10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی ہے ،جزوی سرٹیفکیٹ بھی کار آمد نہیں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ملک میں ویکسینیشن کی رفتار کو تیز کرنے کیلئے این سی او سی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کورونا ویکسین کی پہلی اور دوسری ڈوز کا درمیانی وقفہ42 سے کم کرکے 28 دن کردیا ہے۔این سی اوسی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ وزارت صحت اور طبی ما ہر ین کی مشاورت کے بعد کیا گیا اور 10ستمبر کے بعد ہوائی سفر کے لئے مکمل ویکسینیشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ جب کہ 10ستمبر کے بعد ویکسی نیشن کا جزوی سرٹیفکیٹ بھی کار آمد نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ کورونا کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں اور گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 81 افراد جاں بحق ہوگئے ، جس کے بعد اموات کی تعداد 24 ہزار 85 ہوگئی جب کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 80 ہزار 360 ہوگئی۔