پشاو ر (آن لائن)محرم الحرام کے لئے صوبائی دارلحکومت پشاور کے 250سے زائد بازاروں ، امام بارگاہوں اور دیگر مقامات کو حساس قرار دیدیا گیا ہے ۔ پشاور سٹی کو چھٹی محرم الحرام سے بند کردیا جائے گا ۔ ایف سی کی نفری بھی پشاور میں تعینات کر دی گئی ہے امن وامان کی صورتحال کے باعث پشاو ر کو سیکورٹی کے حوالے سے تین زون میں تقسیم کیا گیا ہے پشاور سٹی ، پشاور کینٹ ، اور ٹاون کو علیحدہ علیحدہ زون میں تقسیم کیا گیا ہے شہر بھر کی امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں پر پولیس کی نفری گزشتہ شب سے تعینات کی گئی ہے جبکہ امام بارگاہوں میں مجالس کاآغاز بھی ہو گیا ہے سیکورٹی خدشات کے باعث شہر کے بیشتر علاقوں کو لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیدیا گیا ہے قصہ خوانی ، کوہاٹی ، کوچی بازار ، گلبہار ، غریب آباد ، یکہ توت ، سرکلر روڈ سمیت دیگر مقامات پر سیکورٹی کے فل پروف اقدامات کر دیئے گئے ہیں ۔ بازاروں کو بند کرنے کے نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں ۔