لاہور(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے صحافیوں عامر میر اور عمران شفقت کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔دونوں صحافیوں کو
ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گزشتہ روز حراست میں لیا تھا۔سائبر کرائم ونگ لاہور کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق دونوں صحافیوں کے خلاف اعلی عدالتی ججوں، پاکستان کی فوج اور خواتین سے متعلقہ تضحیک آمیز رویہ پر مقدمات درج کیے گئے۔پریس ریلیز کے مطابق دونوں صحافیوں کے یوٹیوب پر چلنے والے چینلز پر ایسے پیغامات اور پروگرام نشر کیے ہیں جس سے قومی سلامتی کے اداروں اور اعلی عدلیہ کی بنیاد کو کمزور کر کے عوام کے ان اداروں پر اعتماد کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی اور مزید برآں خواتین کے ساتھ بھی تضحیک آمیز رویہ رکھا گیا۔پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ملزمان کو ضمانت پر چھوڑ دیا گیا ہے تاہم تفتیش جاری ہے۔