لاہور(این این آئی)نامزدصوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمے کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں اسد کھوکھر کا بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا،شادی کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزراء سمیت دیگر شخصیات بھی شریک تھیں، وزیر اعلیٰ کی سکیورٹی نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو موقع پر ہی قابو کر لیا
جسے بعد ازاں متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا، وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارنے اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔بتایاگیا ہے کہ گزشتہ روز ہی دوبارہ کابینہ میں شامل ہونے والے اسد کھوکھرکے بیٹے کی دعوت ولیمہ ڈیفنس کے ایک فارم ہاؤس میں جاری تھی کہ اس دوران ایک مسلح شخص نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر عرف گوگا سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سکیورٹی پر تعینات سکیورٹی کے عملے نے فائرنگ کرنے والے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ فائرنگ کے واقعہ سے شادی کی تقریب میں بھگڈرمچ گئی جبکہ سکیورٹی نے اعلیٰ شخصیات کو اپنے حصار میں لے لیا اور انہیں فوری وہاں سے روانہ کیا گیا۔ دونوں زخمیوں کو نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مبشر کھوکھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگیا۔ بتا یاگیاہے کہ مبشرکھوکھر کی موت سرمیں گولیاں لگنے کی وجہ سے ہوئی۔واقعہ کے بعددعوت ولیمہ کی تقریب کو ملتوی کردیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈیفنس کے علاقے میں نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ
سکیورٹی کے انتظامات کے حوالے سے بھی جامع انکوائری جائے اور غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے مزید کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعدشادی کی تقریب میں مزید مہمانوں کو آمد سے روک دیا گیا،نامزد وزیر کے سٹاف نے دیگر صوبائی وزرا ء
اور اہم شخصیات کو فون کر اطلاع دی کہ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے نہ آئیں۔آئی جی پنجاب انعام غنی نے اسد کھوکھر کے بیٹے کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم ناظم نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا ہے
کہ کچھ عرصہ قبل میرا چچا قتل ہوا تھا جس میں مبشر کھوکھرملوث تھا، چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے گولیاں چلائیں۔دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار سے بات ہوئی ہے،وہ خیریت سے ہیں اور اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔انہوں نے لکھا کہ وزیراعلی پنجاب کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار
کیا،بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے فائرنگ سے نامزد صوبائی وزیر اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی نے اسد کھوکھر اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ سے آپ کے بھائی کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ اور رنج ہوا ہے، اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔