اسلام آباد ( آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت اور وفاقی کابینہ کی فیصلے کی روشنی میں اہم شخصیات سے سکیورٹی اور پروٹوکول واپس لینے کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی زد میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ
(ن) کے صدر شہباز شریف بھی آگئے ہیں جن سے اسلام آباد پولیس نے 2 گارڈ واپس لے لئے ہیں،مسلم لیگ (ن) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کے طور پر شہباز شریف کو 3 گارڈز دیئے گئے تھے ایک ان کی رہائش گاہ منسٹرکالونی میں ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے جبکہ 2 اس وقت ڈیوٹی پر ہوتے تھے جب شہباز شریف اسلام آباد میں موجود ہوتے تھے تو دونوں اہلکار ان کی سکیورٹی پر تعینات ہوتے تھے کیونکہ ان کا بطور اپوزیشن لیڈر عہدہ وفاقی وزیر کے برابر تھا اس لئے انہیں یہ سہولت دی گئی تھی تاہم وفاقی کابینہ اور وزیر اعظم کے حکم پر اسلام آباد پولیس نے انہیں واپس بلا لیا ہے جس پر مسلم لیگ (ن) نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس معاملے کو قومی اسمبلی میں اٹھانے کا اعلان کیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزراء کے تعینات سکیورٹی گارڈز کی تعداد پہلے ہی کم کر دی گئی تھی۔