اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، آن لائن)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات و کفایت شعاری ڈاکٹر عشرت حسین نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے مستعفی ہونے کا فیصلہ
کر لیا ہے۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم آفس میں ایک بااثر شخصیت کے ساتھ اختلافات کے باعث ڈاکٹر عشرت حسین نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پیش رفت سے مطمئن نہیں۔ وزیراعظم آفس نے ڈاکٹر عشرت کو کارکردگی بہتر کرنے کے لیے پیغام بھیجا، ذ رائع کے مطابق ڈاکٹر عشرت حسین اس صورتحال سے دلبرداشتہ ہیں جس کے باعث انہوں نے اپنے عہدے سے استعفٰی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔دوسری جانب سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر کردیا گیا ہے۔ ارباب غلام رحیم کی تعنیاتی اعزازی طور پر کی گئی ہے اور کابینہ ڈویژن نے ان کی تعنیاتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔ارباب غلام رحیم سندھ میں پیپلز پارٹی کے روایتی حریف سمجھے جاتے ہیں، وہ 2004 سے 2007 تک سندھ کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ 2018 کے عام انتخابات میں ارباب غلام رحیم سندھ میں پیپلز پارٹی کے مخالف سیاسی اتحاد جی ڈی اے کا حصہ تھے۔