لند ن (آن لائن ) برطانیہ میں مقیم پاکستان کے سابق وزیرا عظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے افغان سکیورٹی ایڈوائزر حمد اللہ محب کی زیر قیادت تین رکنی وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خطے کی موجو دہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر
گفتگو کی گئی ہے۔افغان قومی سلامتی کو نسل کی جانب سے جاری ایک خصوصی پیغام میں بتایا گیا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر حمداللہ محب اور وزیر مملکت برائے امن سید سادات نادری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے لندن میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔افغان سلامتی کونسل کی جانب سے جاری کئے گئے پیغام کے ساتھ ملاقات کی تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔ بعد ازاں ایک اور بیا ن میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں فریقین کی جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں باہمی احترام اور عدم مداخلت کی پالیسی سے فائدہ اٹھائیں گے اورجمہوریت کی مضبوطی دونوں پڑوسیوں کو استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کا اہتمام سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کیا تھا ۔ اسحاق ڈار خود بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ افغان قومی سلامتی مشیر نے نواز شریف کو افغان صدر اشرف غنی کا پیغام بھی پہنچایا ۔ نوازشریف نے افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لیے تجاویز دیں،نوازشریف اپنی حکومت کے دور میں افغان حکومت سے بہتر تعلقات کی مثالیں دیتے رہے ۔