پنڈدادن خان، صادق آباد (این این آئی)پنڈ دادن خان میں زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 37 افراد زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق زائرین کی بس کو حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے بعد زخمیوں کو رورل ہیلتھ سینٹر للہ منتقل کیا گیا ،
2 شدید زخمیوں کو راولپنڈی اور 5 کو جہلم منتقل کردیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق مسافر بس میں سوار زائرین آزاد کشمیر سے للہ کے قریب پیر کھارا دربار جا رہے تھے۔دوسری جانب صادق آباد میں باراتیوں کی بس سڑک کے درمیان اوور ہیڈبرج پر لگے سائن بورڈ سے ٹکراگئی، حادثے میں چھت پر بیٹھے تین بچے جاں بحق اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔ حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِعام پر آگئی۔سی سی ٹی وی میں تیز رفتار بس کی چھت کو اوور ہیڈبرج پر لگے سائن بورڈ سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔اپنی غفلت کا اندازہ ہونے پر ڈرائیور نے بس کو تھوڑے فاصلے پر روک لیا تاہم ٹکر کی وجہ سے چھت پر بیٹھے بچوں سمیت کئی افراد بس سے نیچے گر کر زخمی ہوگئے۔ہسپتال ذرائع کیمطابق شیخ زید ہسپتال میں زیر علاج 4 بچوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق سائن بورڈ بڑی گاڑیوں کو روکنے کے لیے لگایا گیا تھا۔