لاہور(این این آئی )پاکستان میڈیکل کمشن (پی ایم سی) نے پنجاب کے سات سرکاری میڈیکل کالجز کا تعلیمی معیار ناقص قرار دے دیا۔پی ایم سی نے میڈیکل کالجز کے تفصیلی معائنے کے بعد فہرست جاری کی جس کے مطابق 17 میں سے سات میڈیکل کالج تعلیمی معیار کے لحاظ سے فیل قرار دیے گئے۔علامہ اقبال میڈیکل کالج، فاطمہ جناح میڈیکل کالج، ڈیرہ غازی خان، گوجرانوالہ میڈیکل
کالج، خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ، راولپنڈی میڈیکل کالج اور ساہیوال میڈیکل کالج فیل کی فہرست میں شامل ہیں۔اسکے علاوہ نشتر ڈینٹل کالج ملتان سمیت دیگر سرکاری کالجز بھی بی اور سی گریڈ سے اوپر رینکنگ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔دوسری جانب پی ایم سی کی درجہ بندی میں نجی شعبے کے 30 میں سے صرف ایک کالج کو فیل قرار دیا گیا ہے۔پاکستان میڈیکل کمیشن کے مطابق میڈیکل کالجز کی رینکنگ ان کے تعلیمی معیار اور ساتھ کام کرنے والے ٹیچنگ اسپتال کی حالت کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے جبکہ ایک سال تک ان تعلیمی اداروں کو معیار درست کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے 50 ہزار سرکاری سکولوں کا “سکول مینجمنٹ کمیٹی” فنڈ ختم کردیا۔سکول مینجمنٹ کمیٹی فنڈ سکولوں کی فلاح و بہبود کے لیے رکھا جاتا تھا۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سمیت پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں حکومت سکول مینجمنٹ کمیٹی فنڈ مہیا کرتی ہے جس سے سرکاری سکولوں کے اخراجات اٹھائے جاتے ہیں۔ حکومت نے نئے مالی سال دوہزار اکیس بائیس میں سکول
مینجمنٹ کمیٹی کا فنڈ ختم کردیا ہے۔ایس ایم سی بجٹ کے تحت سکولوں کو 5 سے 10 لاکھ روپے کا فنڈ دیا جاتا تھا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کا فنڈ ختم نہیں کیا جا رہا جبکہ سکول مینجمنٹ کمیٹی کی جگہ اب سکول کونسل فنڈ شروع کیا گیا ہے اور سکول کونسل فنڈ سے سکولوں کی فلاح و بہبود کا بجٹ دے رہے ہیں۔