کراچی(این این آئی)شہر قائد میں ای چالان کے دوسرے دن چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4ہزار 301 شہریوں کے چالان کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق ای چالان کے آغاز کے بعد گزشتہ روز دوسرا دن تھا، جس میں مکمل 24 گھنٹوں کی مانیٹرنگ رپورٹ سامنے آ گئی ہے، اس دوران ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 4 ہزار 301 شہریوں کے چالان کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر کیے گئے جو 2 ہزار 290 ہیں، اس کے بعد تیز رفتاری سے ڈرائیونگ پر 845، بغیر ہیلمٹ 655، لال سگنل جمپ کرنے پر 306، دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 162 چالان کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق غیر قانونی پارکنگ پر 15، ون وے اسٹریٹ پر رانگ وے آنے پر 16 اور اوور لوڈنگ پر 4 چالان کیے گئے، شہری اکثر سگنل پر اسٹاپ لائن سے آگے کھڑے ہو جاتے ہیں، جس کی خلاف ورزی پر 6 چالان، رانگ وے آنے پر 33 اور کالے شیشوں کی خلاف ورزی پر 30 چالان کیے گئے۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز پہلا دن تھا، جب مکمل طور پر 24 گھنٹے سسٹم چلایا گیا، اب ای چالاننگ سسٹم باقاعدہ طور پر فعال کر دیا گیا ہے، ٹریفک پولیس حکام کے مطابق سسٹم کا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ قوانین پر عمل درآمد کروانا ہے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ ٹریفک قوانین کی مکمل پاس داری کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔















































