نوشہرہ (این این آئی)نوشہرہ میں بڑے بھائی کو قتل کرنے کے بعد پشیمان ہوکر قاتل بھائی نے مقتول کی قبر پر خودکشی کرلی۔نوشہرہ کے علاقے آدم زئی میں بڑے بھائی کو قتل کرنے والے آئس کا نشہ کرنے والے بھائی نے دلبرداشتہ ہوکر مقتول بھائی توحید اللہ کی قبر پر اپنی کن پٹی پر گولی مار کے خودکشی کی۔
پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والا توفیق اللہ شدید زخمی ہوگیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) اکوڑہ خٹک سرکل جواد خان کے مطابق خودکشی کرنے والے قاتل توفیق اللہ نے 2 روز قبل اپنے ہی بھائی پر فائرنگ کرکے اْسے قتل کر دیا تھا، جس پر اسے شدید رنج تھا۔پولیس افسر نے بتایا کہ توفیق اللہ نے قبرستان جاکر بھائی کی قبر پر خود کو گولی مار لی۔متوفی توفیق اللہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے قاضی حسین احمد میڈئکل کمپلیکس نوشہرہ منتقل کردی گئی۔پولیس نے زیر دفعہ 174 کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔خاندانی ذرائع کے مطابق توفیق اللہ آئس کا نشہ کرتا تھا۔















































