کوئٹہ (نیوز ڈیسک) جعفر ایکسپریس ایک بار پھر دہشت گردوں کے حملے کی زد میں آ گئی۔ ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نوتال کے قریب دہشت گردوں نے مسافر ٹرین پر راکٹ فائر اور فائرنگ کی، جس سے بوگیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ذرائع کے مطابق، جمعرات کی شب جعفر ایکسپریس کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ نوتال کے علاقے سے گزر رہی تھی۔ حملہ آوروں نے ٹرین پر چار راکٹ داغے اور فائرنگ بھی کی، تاہم سیکیورٹی فورسز کی فوری جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنا منصوبہ ترک کر کے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں بعض ریلوے بوگیوں کو جزوی نقصان پہنچا، جس کے بعد ٹرین کو ڈیرہ مراد جمالی اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریلوے حکام کے مطابق، واقعے کے دوران ٹرین کے مسافر محفوظ رہے اور فوری طور پر تمام حفاظتی اقدامات کیے گئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران جعفر ایکسپریس پر یہ کئیواں حملہ ہے، اس سے قبل بھی دہشت گرد متعدد بار اسی ٹرین کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق، حملے کا مقصد ریلوے نظام کو نقصان پہنچانا اور عوام میں خوف پھیلانا تھا۔














































