مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی )اسرائیل کے ایک کثیرالاشاعت عبرانی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن میں اپنے خلاف ہونے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے اسرائیل سے وسائل فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔عبرانی اخبارنے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل سے کہا کہ مظاہرین کو منتشر کرنے لیے استعمال ہونے والے
آلات اور وسائل فراہم کرے۔عبرانی اخبار نے فلسطینی اتھارٹی کے ایک ذمہ دار ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ گذشتہ شب ہونے والے مظاہروں کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے پاس موجود آنسوگیس اورصوتی بموں کا ذخیرہ تقریبا ختم ہوگیا۔ یہ ذخیرہ اس وقت ختم ہوا جب فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے رام اللہ اتھارٹی کے خلاف دانشور نزار بنات کے قتل کی مذمت میں مظاہرے کیے۔ عباس ملیشیا نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر آنسوگیس کے شیل برسائے اور صوتی بموں کا استعمال کیا۔اخباری رپورٹ میں کہا گیا کہ فلسطینی سیکیورٹی فورسز کے پاس موجود مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ذخیرہ اسرائیلی انتظامیہ کی اجازت سے مشروط ہوتا ہے۔ اسرائیل جتنی مقدار میں چاہتا ہے فلسطینی اتھارٹی کو مظاہروں کے خلاف استعمال ہونیوالے آلات کی مقدار فراہم کرتا ہے۔حال ہی میں فلسطینی دانشور نزار بنات کے قتل کے بعد غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کے خلاف وسیع پیمانے پرمظاہرے جاری ہیں۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا کہ آ نے والے دنوں میں مقتول نزار بنات کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے خلاف مظاہروں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے۔عبرانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل کو غرب اردن میں فلسطینی اتھارٹی کے زیرانتظام علاقوں میں جاری کشیدگی پر تشویش ہے اور اسرائیل کو خدشہ ہے کہ کسی بھی وقت حالات فلسطینی اتھارٹی کے ہاتھ سے نکل سکتے ہیں۔