ڈیرہ اللہ یار، اسلام آباد (آن لائن )سابق نگران وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسہ کے حالات زندگی26جون 2021کو 92سال کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کرگئے سابق نگران وزیر اعظم جسٹس رٹائر میر ہزار خان کھوسہ 30ستمبر 1929کو موجودہ ضلع صحبت پورکے گوٹھ میر اعظم خان کھوسہ میں پیدا ہوئے تھے ان کی مادری زبان سندھی تھی سابق
وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کے بعد بلوچستان سے وزیر اعظم پاکستان کے منصب پر فائز ہونے والی دوسری شخصیت تھے انہوں نے ابتدائی تعلیم کے حصول کے بعد اعلی تعلیم کراچی یونیورسٹی سے حاصل کی 1957میں کراچی میں بحیثیت وکیل اپنے کیریئر کا آغاز کیا بعد ازاں سپریم کورٹ کے وکیل بنے 1977میں بلوچستان ہائیکورٹ کے جج مقرر ہوئے 1989میں بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بنے رٹائر منٹ کے بعد 1991میں وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس مقرر کیے گئے میر ہزار خان کھوسہ 2مرتبہ بلوچستان کے نگران گورنر مقرر ہوئے پہلی بار 25جون 1990اور دوسری بار 13مارچ 1991میں گورنر بنائے گئے وہ زکوات کونسل کے چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے 24مارچ 2013کو چیف الیکشن کمشنر پاکستان فخر الدین جی ابراہیم نے ان کو پاکستان کا نگران وزیر اعظم بنائے جانے کا اعلان کیا 25مارچ 2013
کو صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں ان سے نگران وزیر اعظم کا حلف لیا اس دوران انہوں نے اپنے آبائی تحصیل صحبت پور کو ضلع جعفر آباد سے الگ کر کے صحبت پور کو ضلع کا درجہ دے کر شرقی جعفر آباد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا۔ میر ہزار خان کھوسہ کے پسماندگان میں 3بیٹے شفقت حسین کھوسہ
، برکت حسین کھوسہ اور ایڈووکیٹ امجد حسین کھوسہ ہیں ان کو کٹبار شریف میں سپرد خاک کردیا جائے گا۔دریں اثنا چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سابق نگران وزیر اعظم پاکستان میر ہزار خان کھوسو کی وفات پر گہرے دْکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے کہا کہ میر ہزار خان کھوسو بطور نگران وزیر اعظم اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ
خدمات سر انجام دے چکے ہیں ان کی سیاسی سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ آج خطہ بلوچستان ایک عظیم رہنما سے محروم ہوگیا۔چیئرمین آور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے میر ہزار خان کھوسو کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لیے دعا کی۔چیرمین سینیٹ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ میر ہزار خان کھوسو کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلا عطا فرمائے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی نے اپنے الگ پیغام میں میر ہزار خان کھوسو کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی۔