اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) آصف علی زرداری نے پنجاب میں پیپلز پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے پی ٹی آئی سے ناراض جہانگیر ترین گروپ پر نظریں جمالیں
۔نجی ٹی وی 24 نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ آصف زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی کی مضبوطی کیلئے متحرک کردیا ہے۔ انہوں نے سابق گورنر کو ہدایت کی ہے کہ ترین گروپ کے ساتھ رابطوں کو فروغ دیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ کے کئی رہنما پیپلز پارٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ سابق صدر نے وسطی پنجاب میں بھی اہم سیاسی رہنماؤں سے رابطے کیے ہیں جن کا انہیں مثبت جواب ملا ہے۔ آصف زرداری آئندہ عام انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کی تنظیم کو عوامی سطح پر متحرک کرنے کیلئے بھی سرگرم ہیں۔