بیجنگ( آن لائن )گزشتہ ہفتے ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی ٹوئٹس کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں اضافہ سامنے آیا تھا لیکن چین کی جانب سے بٹ کوائن کے حوالے سے کریک ڈاؤن میں توسیع کی وجہ سے اس کی قیمت میں بھی پھر کمی آگئی۔کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں پیر کے روز بٹ کوائن کی قیمت میں 9 فیصد کمی دیکھی گئی۔بٹ کوائن کی قیمت اس وقت 12 روز کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے
اور یہ اب 32،288 ڈالرز میں فروخت ہورہا ہے۔اگر بٹ کوائن کی قیمت میں یہ کمی برقرار رہتی ہے تو یہ رواں ماہ میں کرپٹو کرنسی کی قدر میں سب سے زیادہ کمی ہوگی۔18 جون کو چین کے جنوب مغربی صوبے سیچوان میں حکام نے کریپٹوکرنسی مائننگ کے پروجیکٹس کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ ماہ چین کی کابینہ، ریاستی کونسل نے مالی خطرات پر قابو پانے کے اقدامات کے تحت بٹ کوائن کی مائننگ اور تجارت پر پابندی عائد کرنے کا عزم کیا تھا۔لندن میں مقیم کرپٹو فرم بی سی بی گروپ کے بین سیبلی نے کہا کہ چینی مائنرز کے خلاف کریک ڈاؤن کا مطلب یہ ہوسکتا ہے کہ وہ کوائن کا ذخیرہ کم کررہے ہیں اور ہمیں نچلی سطح پر لے کرجارہے ہیں’۔ دوسری جانب چین نے اعلان کیا ہے کہ اس نے دنیا کی سب سے بڑی کورونا وائرس ویکسینیشن مہم کے دوران اپنی ایک ارب آبادی کو ویکسین لگادی۔کورونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد اب 38 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے اور بہت سارے ممالک اب بھی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں لیکن چند ممالک میں ویکسین مہم میں ایسی سرگرمیاں بھی سامنے آئی ہیں جن کا چند ماہ قبل تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا۔چین کی جانب سے یہ اعداد و شمار ایسے وقت میں سامنے آئے جب عالمی سطح پر ویکسین لگانے والے افراد کی تعداد ڈھائی ارب سے زائد ہوچکی ہے۔وائرس کے خلاف کامیاب لڑائی میں چین کی ویکسینیشن کی مہم ابتدائی طور پر سست روی کا شکار رہی تھی تاہم اس کے بعد اس میں تیزی دیکھنے میں آئی۔رواں ماہ کے آخر تک حکام نے چین کی 40 فیصد آبادی یا تقریباً ایک ارب 40 کروڑ افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگانے کا ہدف طے کیا ہے۔چند صوبوں میں لوگوں کو اس ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کے لیے مفت ویکسین دی جارہی ہے۔اسی طرح وسطی انہوئی صوبے کے رہائشیوں کو ویکسین لگوانے پر مفت انڈے دیے گئے ہیں جبکہ بیجنگ کی عوام کو شاپنگ کوپن دیے گئے۔جہاں وائرس کے خلاف چین کی کامیابی قابل ستائش ہے وہیں اس کے برعکس برازیل ہفتے کے روز 5 لاکھ سے زائد اموات رپورٹ کرنے والا امریکا کے بعد دوسرا ملک بن گیا ہے۔