لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف آج ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے روبرو پیش ہونگے۔ اس سلسلے میں شہباز شریف نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔ جس کے بعد انہوں نے آج ایف آئی اے کی تحقیقاتی کمیٹی کے
روبر پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایف آئی اے نے چینی سکینڈل میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کو آج مورخہ 22 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ جنہیں باقاعدہ طلبی نوٹس جاری کئے جاچکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو ایف آئی اے پیشی کے موقع پر ایف آئی اے کے دفتر کے باہر پہنچنے کی ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ دوسری طرف ایف آئی اے حکام نے شہباز شریف کی ایف آئی اے کے دفاتر پیشی پر آمد کے سلسلے میں ایف آئی اے دفاتر کی سکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے ایف آئی اے حکام نے سی سی پی او لاہور سے سکیورٹی مانگ لی ہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے سی سی پی او لاہور کو ایک خط بھی ارسال کردیا گیا ہے۔ جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف ایف آئی اے میں تحقیقات چل رہی ہیں۔ اس مقصد کے لئے ایف آئی اے نے شہباز شریف کو 22 جون اور حمزہ شہباز 24 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ (ن) لیگی پارٹی کارکنوں کی آمد کے پیش نظر ایف آئی اے دفاتر کو مزید سکیورٹی فراہم کی جائے۔