باجوڑ(این این آئی)باجوڑ میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ ۔ اے این پی مرکزی وصوبائی کونسل کے ممبر اور قبائلی رہنماء ملک عبدالغنی خان جاں بحق ہوگئے، بیٹااور اے این پی تحصیل سلارزئی کے صدر شاہ خالدسمیت دوراہگیر زخمی ہوگئے ۔ریسکیو1122باجوڑ ذرائع کے
مطابق پیر کے دن نماز عصر سے ایک گھنٹہ قبل ضلع باجوڑ کے تحصیل خار علاقہ حاجی لونگ میں مسلح موٹر سائیکل سواروں نے عوامی نیشنل پارٹی مرکزی وصوبائی کونسل کے ممبراور قبائلی رہنماء ملک عبدالغنی خان ساکن متہ شاہ سلارزئی کے گاڑی پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ پارٹی اجلاس میں شرکت کے بعد خار سے واپس اپنے گائوں متہ شاہ جارہے تھے ۔ فائرنگ کے نتیجے میں ملک عبدالغنی خان ، اس کا بیٹااے این پی تحصیل سلارزئی کے صدر شاہ خالد خان سمیت 2 راہگیر زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو1122کے ایمبولینسز نے علا ج معالجے کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا ۔ تاہم ملک عبدالغنی خان ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی راستے میںزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔ جبکہ ان کے بیٹے اور تحصیل سلارزئی صدر شاہ خالد خان اور2راہگیروں کا علاج جاری ہیں۔ ابھی تک کسی نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔ واقعہ کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے ۔سابق رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کئی مہینوں سے باجوڑ میں امن وامان کی حالت تشویشناک ہے اور ایسے واقعات سے مزید انارکی او ر افراتفری پھیلے گی ۔