ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں شاہ عبدالعزیز ثقافتی مرکز(دارہ)نے ایک نئی کتاب جاری کی ہے۔ کتاب کا نام نوادر المطبوعات فی متب المسجد النبوی الشریف المنشور فی القرنین الثالث عشر والرابع عشر(مسجد نبوی کے کتب خانے میں نادر مطبوعات جو تیرھویں اور
چودھویں صدی ہجری میں شائع ہوئیں)ہے۔ یہ کاوش دارہ اور حرمین شریفین کی جنرل پریذیڈنسی کے درمیان تعاون کے سلسلے کی کڑی ہے۔ اس کا مقصد مسجد نبوی کے کتب خانے کے نمایاں ترین تحریری اثاثوں پر روشنی ڈالنا ہے۔ کتب خانے میں بڑی تعداد میں نادر علمی کتب موجود ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ نئی کتاب تیرھویں اور چودھویں صدی ہجری کی نادر کتابوں کی منتخب تصاویر پر مشتمل ہے۔ مذکورہ نادر کتابیں سنگ چھپائی یا پرانے ٹائپ رائٹروں کے ذریعے تیار ہوئی تھیں۔ ان نادر کتابوں کے موضوعات میں توحید، تفسیر، حدیث، فقہ، اصول فقہ، نحو ، ادب اور دیگر فنون معرفہ شامل ہیں۔مسجد نبوی کے کتب خانے میں ایک شعبہ نادر اور قدیم کتابوں کا ہے۔ یہاں کے شیلفوں میں ایسی کتابیں بڑی تعداد میں موجود ہیں جن کو اسلامی علوم کی بنیاد شمار کیا جاتا ہے۔