مدینہ منورہ، ریاض ( آن لائن ، این این آئی)عالمی وبا کورونا کے خلاف اقدامات کے پیش نظر مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے زائرین کے لیے اسمارٹ روبوٹ متعارف کروادیے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے صدر جنرل افیئر شیخ ڈاکٹر
عبد الرحمان السدیس نے حال ہی میں اسمارٹ روبوٹ کا افتتاح کیا جو کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں آنے والے افراد کو آب زم زم کی بوتلیں تقسیم کریں گے۔اسمارٹ روبوٹ کے افتتاح کے موقع پر عبدالرحمان السدیس کی جانب سے کورونا وبا کے دوران انسانیت کی خدمت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔اسمارٹ روبوٹ مقدس مساجد میں انسانی مداخلت اور نقل وحرکت متاثر کیے بغیر زائرین میں آب زم زم پیش کریں گے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سعودی وزارت حج کی جانب سے رواں سال حج سے متعلق بھی اہم اعلان سامنے آچکا ہے۔سعودی وزارت حج کے اعلان کے مطابق رواں برس صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان تمام افراد میں سعودی عرب کے شہری اور ملک میں رہنے والے غیر ملکی شامل ہوں گے۔دوسری جانب سعودی عرب میں یکم اگست سے ویکسین نہ لگوانے والوں کا تجارتی اداروں، شاپنگ سینٹرز اور مالز میں داخلہ بند ہوجائیگا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ریاض میں ترجمان وزارت تجارت نے بتایاکہ پابندی سے وہ لوگ مستثنا ہوں گے، جو عمر یا صحت کے مسائل کی وجہ سے ویکسین لینے کے پابند نہیں ہیں۔