لاہور( این این آئی)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ مستی گیٹ میں پتنگ کی ڈورگلے پر پھرنے سے 3 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا،وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ڈور پھرنے سے بچے کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ لاہورکے علاقے مستی گیٹ کے قریب 3 سالہ بچہ خضر حیات موٹر سائیکل پر والد اور بہن بھائیوں کے ساتھ جارہا تھا کہ اس دوران کٹی ہوئی پتنگ کی ڈور اس کے گلے پر پھرگئی۔خضر موٹر سائیکل پر سب سے آگے بیٹھا تھا اورڈور سے اس کی شہ رگ کٹ گئی، بچے کو ہسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اورنامعلوم پتنگ باز کے خلاف فلائنگ کائٹ ایکٹ کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او مستی گیٹ انسپکٹر محمد زاہد نواز کو معطل کردیا جبکہ ایس پی سٹی اور ڈی ایس پی علی اختر سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈور پھرنے کے واقعات ہرگز قابلِ برداشت نہیں، غفلت کے مرتکب پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے لاہور میں ڈور پھرنے سے بچے کی موت پر دکھ کا اظہار کیا ہے، سردار عثمان بزدار نے پتنگ بازی کے واقعات پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے واقعات قطعی ناقابل برداشت ہیں، پتنگ بازی پر پابندی کے قانون پر سختی سے عمل کرایا جائے، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔