لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )واپڈا حکام نے ملک بھر میں آج صبح 9 سے لیکر شام 7 بجے تک بجلی بند رہنے کی افواہوں کو جھوٹ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ایسی افواہوں میں کوئی سچائی نہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوشل میڈیا پر افواہیں چلتی رہیں کہ تربیلا ڈیم
میں کچھ تکنیکی کام کی وجہ سے آج مورخہ 13 جون کو صبح 9 سے لے کر شام 7بجے تک بجلی بند کی جا رہی ہے لیکن اب معلوم ہوا ہے کہ اس خبرمیں کوئی صداقت نہیں ہے۔شہری ایسی جھوٹی اور بے بنیاد افواہوں پر بالکل دھیان نہ دیں۔واپڈا ذرائع کے مطابق اگر بجلی بند کرنے کا پروگرام ہو تو اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیاجاتا ہے اور اس کے بعد بجلی بند کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔دوسری جانب ترجمان واپڈا نے کہا ہے کہ تربیلا سمیت واپڈا کے دیگر پن بجلی گھر معمول کے مطابق کام کر رہے ہیں اورواپڈا بجلی گھروں سے پانی کے اخراج کے مطابق بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ واپڈا پن بجلی گھروں سے آف پیک آورز میں نیشنل گرڈ کو 5 ہزار 800 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ تربیلا سے نیشنل گرڈ کو آف پیک آورز میں 2 ہزار936 میگاواٹ بجلی مہیا کی جارہی ہے۔ پیک آورز کے دوران تربیلا سمیت واپڈا پن بجلی گھروں کی مجموعی پیداوار میں مزیداضافہ ہو جاتا ہے ۔