کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں بارشوں نے تباہی مچادی، رات گئے آسمانی بجلی گرنے کے باعث تین افراد جاں بحق ،دو زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کوہلو کے نواحی علاقے سفید اور نساؤ میں موسلادھار بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے دو مختلف واقعات میں
خاتوں اور بچے سمیت تین افراد جاں بحق اوردو زخمی ہوئے۔حادثے کے بعد علاقے میں امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو روانہ کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔اس کے علاوہ سینجاڑ، لاسے زائی، تمبو اور سفید کے علاقوں میں ڑالہ باری بھی ہوئی، جس کے نتیجے میں خریف کی فصلیں تباہ ہوگئیں، بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں کئی کچے مکانات بھی گرے،فوری طور پر نقصانات کی تفصیل سامنے نہیں آسکی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث آزاد کشمیر، جہلم ، راولپنڈی، لاہور ، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بعض مقامات پر طغیانی ،نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے