اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ ملک کی پہلی نیشنل سائبر سیکورٹی پالیسی تیار کرلی گئی ہے ۔میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی پہلی نیشنل سائبر سیکورٹی پالیسی تیار کرلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پالیسی کے مسودے پر
شراکت داروں سے رائے بھی لے لی گئی ہے،نئی سائبر سکیورٹی پالیسی جلد ہی کابینہ میں پیش کردی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ پالیسی میں سرکاری اداروں کو سائبر حملوں سے بچانے کے لئے اقدامات شامل ہیں ۔ سید امین الحق نے کہاکہ ہر روز نو سے دس لاکھ تک سائبر حملے ہوتے ہیں ،زیادہ تر حملے انڈیا، روس اور ایران سے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پانچ لاکھ سے زائد صارفین والے سوشل چینلز پاکستان میں اپنا دفتر کھولنے کے پابند ہونگے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ وزیراعظم سے ہماری ملاقات بہت اچھی رہی ہے ،2022 میں نئی مردم شماری کرائی جانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ سید امین الحق نے کہاکہ 2023 سے قبل نئی مردم شماری کرادی جائے گی ،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مردم شماری کے لئے رقم رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی سندھ کے حوالے سے قومی اسمبلی میں ترمیم پیش کی ہے ،سندھ کی پی ٹی آئی قیادت جنوبی سندھ صوبے پر ففٹی ففٹی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی خواہش ہے کہ وفاق سارے پیسے ان کو دے دے ،پھر وہ پیسے پاپڑ والے اور فالودہ والے کے اکاونٹس سے نکلیں ۔ سید امین الحق نے کہاکہ دو سال میں 1504 ارب سندھ حکومت کو دیا گیا ہے ،اس کے باوجود کراچی سے کچرا نہ اٹھا ،لاڑکانہ سے کتے نہیں مرے۔