اسلام آباد(این این آئی)تحریک انصاف نے آزادکشمیر میں (ن)لیگ کی اہم وکٹ گرا دی،(ن) لیگ آزادکشمیر کے سینئر رہنما سردار طاہر اقبال تحریک انصاف میں شامل ہوگئے جبکہ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ (ن) لیگ آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کر رہی ہے، آزاد کشمیر الیکشن میں
وفاقی حکومت کا کردار فیئر ہو گا، ہماری پوری کوشش ہوگی الیکشن صاف شفاف ہوں، نگران حکومت آزادکشمیر میں صاف شفاف الیکشن کروا سکتی ہے، میرٹ کی پامالی کیخلاف سخت مزاہمت کریں گے،عوام کے پیسے کا غلط استعمال روکنا ہماری ذمہ داری ہے،آزاد کشمیر میں کڑے احتساب کا نظام بنائیں گے۔ہفتہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی سردار تنویر الیاس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سردار طاہر اقبال کی طویل سیاسی جدوجہد ہے، سردار طاہر اقبال کی شمولیت سے تحریک انصاف مظبوط ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ہماری دیگر سیاسی رہنماؤں سے بات چیت چل رہی ہے، اہم شخصیات آنے والے دنوں میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کریں گی۔انہوں نے کہاکہ ہم نے آزادکشمیر میں میرٹ کی پامالی کی بات کی، راجہ فاروق حیدر نے پہلے سپریم کورٹ میں واردات کی، آج راجہ فاروق حیدر ہائیکورٹ میں واردات کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اس میرٹ کی پامالی کیخلاف سخت مزاہمت کریں گے۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ جانے والی حکومت کو کیا اختیار ہے کہ ججز کی تقرری کرے، ججز کی تقرریوں میں پیسہ چل رہا ہے، اٹھارہویں گریڈ تک بھی تقرری کا اختیار نہیں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں بھی باقی ملک کی طرح نگران حکومت ہونی چاہیے، نگران حکومت آزادکشمیر میں
صاف شفاف الیکشن کروا سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی نشستیں دو دو سے زیادہ نہیں دیکھ رہا، دوسرے فیز کے ٹکٹ جلد اعلان ہونے جارہے ہیں، جو لوگ ٹکٹوں کی تقسیم سے مطمئن نہیں ان کو ساتھ لیکر چلیں گے۔اس موقع پر سردار طاہر اقبال نے کہا کہ آج میں (ن) لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل
ہورہا ہوں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں انصاف کے اداروں کو متنازعہ بنایا جارہا ہے، راجہ فاروق حیدر نے شعبہ تعلیم میں نالائق لوگوں کو مستقل کیا۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے اندر نظام کو درہم برہم کردیا گیا ہے، راجہ فاروق حیدر عدالتوں میں بھی من پسند جج لا رہے ہیں،زبان خلق یہ کہہ رہی ہے آزادکشمیر حکومت نے میرٹ کی
پامالی کی ہے، تین تین بار این ٹی ایس فیل ہونے والوں کو مستقل کردیا گیا۔سردار تنویر الیاس نے کہا کہ تینوں ڈویژن کے تمام حلقوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں، خلاف میرٹ ججز کے معاملے کو وزیراعظم پاکستان کے نوٹس میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ججز کا پینل تشکیل دیتے ہوئے وزارت امور کشمیر کو نظر انداز کیا گیا، آزاد کشمیر
حکومت نے بڑا پینل تشکیل دے کر مرضی کے لوگوں کی نامزدگی کی۔انہوں نے کہاکہ پارٹی عمران خان کی نظریہ عمران خان کا ہے، پارٹی میں شامل ہونے والے سارے عمران خان کے ورکر ہیں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر الیکشن میں وفاقی حکومت کا کردار فیئر ہو گا، ہماری پوری کوشش ہوگی آزاد کشمیر کے الیکشن صاف شفاف ہوں۔
سردار تنویر الیاس نے کہا کہ (ن) لیگ آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کی کوشش کر رہی ہے، ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے۔انہوں نے کہاکہ اگر ٹکٹوں کی فروخت کے شواہد سامنے آئے تو ضرور ایکشن لیا جائیگا،ابھی صرف سوشل میڈیا پر ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے الزام لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے
کہا کہ پبلک منی امانت قوم کی امامت ہوتی ہے، عوام کے پیسے کا غلط استعمال روکنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں سیاست اور بیورو کریٹ پیسے بنانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں عوام کے پیسے کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں کڑا احتساب ہوگا،کڑے احتساب کا نظام بنائیں گے۔