اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کا نوجوانوں کو قرض کے ساتھ ساتھ ہنر اور تربیت فراہم کرنے کا وعدہ،نوجوانوں میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کیلئے 10 ارب روپے تقسیم کر دئیے گئے،جسمانی معذوری کا شکار عبداللہ رحمن نوجوانوں کیلئے مثال بن گیا،سالوں گھر میں
بے روزگار رہنے والا نوجوان عالمی مارکیٹ سے پیسے کمانے لگا،کامیاب جوان پروگرام معذور کا سہارا کیسے بنا؟ عثمان ڈار نے کہانی ٹویٹ کر دی،عبداللہ رحمن نے گرافک ڈیزائننگ کا جدید کورس مکمل کر کے روزگار حاصل کر لیا۔ عبد الرحمن نے کہاکہ معذوری کے باعث روزگار حاصل کرنا تقریبا نا ممکن ہو چکا تھا، تعلیم مکمل کرنے تک معذوری بھی حد سے زیادہ بڑھ چکی تھی۔کامیاب جوان اسکل اسکالرشپ پروگرام میں کورسز کا اجراء ہوا تو اپلائی کر دیا، عبد الرحمن نے کہاکہ رجسٹریشن ہوئی تو نیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن میں داخلہ مل گیا، اب نوکری نہ ہونے کے باوجود گھر بیٹھے آن لائین پیسے کما رہا ہوں، اس بات کی خوشی ہے کہ اب انٹرنیشنل مارکیٹ میں کام کر رہا ہوں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان اور کامیاب جوان پروگرام ٹیم کی شکرگزار ہوں۔سربراہ کامیاب جوان پروگرام عثمان ڈار نے عبداللہ رحمن کو مبارکباد کی ۔ عثمان ڈار نے کہاکہ عبداللہ رحمن لاکھوں نوجوانوں کیلئے قابل تقلید مثال بن چکا ہے، بے روزگاری سے تنگ نوجوان اسکل اسکالرشپ حاصل کر کے روزگار حاصل کریں ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر اربوں روپے پر مشتمل خطیر رقم جاری کر دی گئی ہے، اب تک 1 لاکھ 70 ہزار نوجوانوں کو اسکالرشپ فراہم کی جا چکی ہے۔