واشنگٹن (این این آئی )امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک خصوصی صدارتی حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے کئی چینی کمپنیوں میں سرمایہ کاری پر پابندی لگا دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس اقدام کے
تحت 59 چینی کمپنیوں کے ساتھ لین دین نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ یہ وہ کمپنیاں ہیں، جن پر شبہ ہے کہ ان کے چینی فوج کے ساتھ روابط ہیں اور ان کی جانب سے فراہم کردہ جاسوسی کا ساز و سامان انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں میں معاون ہوتا ہے۔ اس حکم نامے پر عمل درآمد دو اگست سے شروع ہو گا۔ اس پابندی کی نگرانی امریکی محکمہ خزانہ کو سونپی گئی ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی گزشتہ برس نومبر میں پچاس سے زائد چینی کمپنیوں کے خلاف اسی طرز کی پابندی عائد کر دی تھی۔