اسلام آباد(آن لائن)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صحافی اسد طور حملے کی تحقیقات جاری ہیں ایک ملزم تک پہنچنے کے قریب ہیں،جلد پکڑے جائیں گے،کچھ لوگوں نے غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنے کے لئے حساس اداروں پر الزامات لگائے ہیں ،ایسے رویوں سے ملک کو شدید نقصان پہنچتا ہے ،ملزمان پکڑے گئے تو سب کے منہ بند ہو جائیں گے ،کویت کا دورہ انتہائی کامیاب رہا ہے
،ویزے تفویض ہونے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا،پی ڈی ایم میں صرف 2 پارٹیاں رہ گئی ہیں ،آج بھی اس بات پر قائم ہوں کہ ن سے ش ضرور نکلے گی ۔ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سعودی عرب 30 لاکھ میں سے 30 فیصد ویزے پاکستانی افرادی قوت کو تفویض کرے گا ،ویزے تفویض ہونے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا اور معیشت نمو میں مزید بہتر آئے گی ، ایک روزہ دورے پر کو یت گیا تھا، 2011کے بعد یہ کویت کا کامیاب دورہ تھا ، کویت نے خود کہا کہ ہم کنسٹرکشن پر بھی ویزہ کھولنے جا رہے ہیں سعودی عرب بھی ویزہ کھولنے جا رہا ہے جس میں 30فیصد حصہ پا کستانیو ں کے لئے ہو گا ، ویزے تفویض ہونے سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوگا اور معیشت نمو میں مزید بہتر آئے گی۔ انہو ںنے کہا کہ 52قیدی کو یت میں ہیں جن میں سے صرف 6واپس آنا چاہتے جہاں تک سائبر کرائم کا تعلق ہے پچھلے سال94لاکھ تھے اور میرے دو ر میں 36ہزار کیسز ہوئے ہیں جن میں 5355انکوائریاں کیں اور 5399کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دس سے 12 سالوں میں ٹی وی اینکر حامد میر سے کبھی بات ہوئی ہے اور نہ ہی پروگرام میں گیا ہوں ، نہ کبھی جائوں گا۔ کسی صحافی کانام فی الحال بلیک لسٹ میں نہیں آ رہا ہے اور نہ ہی ای سی ایل میں ، میرے پاس کسی کا کوئی کیس نہیں ہے۔ امید ہے کہ اسد طور کے کیس میں حقیقت کے قریب پہنچ جائیں گے ، اسد طور کے کیس میں اشتہار دینے جارہے ہیں ، اس معاملے میں ایک آدمی کی شناخت کے قریب بھی پہنچ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نادرا ، ایف آئی اے اور پولیس تحقیقات کر رہی ہیں ، فنگر پرنٹس کی رپورٹ بھی آنے والی ہے ، فنگرپرنٹس کی کل تک نشاندہی ہوسکتی ہے تین چار لوگ ہیں جن پر ہم نہیں پہنچ سکے ان کے بارے میں اشتہار دیا جائے گا۔میں نے آئی جی کو بلا کر انویسٹی گیشن کی ہے اور نادرا سے بھی بات چیت کی ہے ایک آدمی کی شناخت کے قریب ہیں ، ان لوگوں کو پکڑنا اس لئے بھی ضروری ہے کہ بعض لوگ ہماری ایجنسیزپر بلاوجہ الزامات لگا رہے ہیں اور اپنے غیر ملکی آقائوں کو خوش کررہے ہیں اگر ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تو وہ ان سب لوگوں کے منہ بند ہوجائیں گے جو حساس اداروں کو کو بلاوجہ مرجب ٹھہراتے ہیں۔ہمارے قومی اداروں پر الزام لگانے والوں کو یہ پتہ نہیں ہے کہ ان کے اس رویے سے ہمارے ملک کو کتنا نقصان پہنچتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ سائبر ونگ کو جدید بنایا جائے ، نئی بھرتیاں کی جائیں ، اسی طرح نادرا کو جدید بنانا چاہتے ہیں اور باہر سے آلات بھی منگوائے جائیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں شیخ رشید ااحمد نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہو چکی ہے ، پی ڈی ایم میں ن لیگ اور مولانا فضل الرحمان ہیں ،پی ڈی ایم ختم ہو چکی ہے سب میڈیا میڈیا کھیل رہے ہیں ، میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ ن میں سے ش نکلے گی اور جب میں کہتا تھا تو تب میرا مذاق اڑاتے تھے۔