اسلام آباد (این این آئی)این سی او سی نے آزادکشمیر اسمبلی کے انتخابات دو ماہ کیلئے ملتوی کرنے کی سفارش کر دی۔ انتخابات ملتوی کرنے کیلئے این سی او سی نے چیف الیکشن کمشنر آزادکشمیر کو مکتوب بھیج دیا۔این سی او سی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ستمبر 2021 تک آزادکشمیر کی ایک ملین آبادی کو ویکسینیشن کی جاسکتی ہے،
انتخابات میں بڑے سیاسی اجتماعات کورونا وبا کو پھیلانے کا باعث بنیں گے۔این سی او سی کے مطابق آزادکشمیر میں پہلے بھی کورونا وائرس پھیلاو کا ریٹ زیادہ رہا ہے، جولائی کے مہینے میں انتخابات کا انعقاد کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کا باعث بن سکتا ہے ۔این سی او سی کی جانب سے مشورہ دیا گیا کہ آزادکشمیر میں دو ماہ کیلئے انتخابات کو ملتوی کیا جائے تاکہ آزادکشمیر کی اہل آبادی کو ویکسینیشن کی جا سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این سی او سی نے کشمیر حکومت کو کس حیثیت میں خط لکھا ،این سی او سی کہتا ہے کہ دوماہ کیلئے الیکشن ملتوی کئے جائیں ،یہ ضمنی الیکشن نہیں کیسے ملتوی ہوسکتے ہیں ؟آپ خط لکھنے کون ہوتے ہیں؟۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو کوئی اختیار بھی نہیں ہے یہ اختیار صرف کشمیر حکومت کا ہے ،میں میری جماعت اور ووٹر ہر صورتحال کا مقابلہ کریں گے ،این سی او سی کے پاس کیا اختیار ہے ،الیکشن صرف ناگزیر حالات میں کشمیر اسمبلی ملتوی کرسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ آزاد کشمیر میں گلگت والی صورتحال دہرانا چاہتے ہیں ،دو ماہ کا وقت لیکر توڑ پھوڑ کرنا چاہتے ہیں ،انکو شرم آنی چاہیے ۔