اسلام آباد(این این آئی)خلیجی ملک سے آنے والے ایک شخص میں بھارتی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق بھارت کا خطرناک کورونا وائرس پاکستان میں بھی پہنچ گیا اس حوالے سے وزارت صحت نے بتایا ہے کہ متاثرہ شخص حال ہی میں خلیجی ملک سے پاکستان پہنچا تھا، اور پاکستانی ایئرپورٹ پر اس کی
اسکریننگ کی گئی تو انکشاف ہوا کہ مسافر بھارتی کورونا وائرس کا شکار ہے۔وزارت صحت کے مطابق متاثرہ شخص 8 مئی کو پاکستان پہنچا تھا اور کا تعلق آزادکشمیر سے ہے، اس میں بھارتی کورونا وائس کی نشاندہی ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے ذریعہ ہوئی تو اسے سرکاری قرنطینہ سینٹر میں رکھا گیا، جہاں اس شخص کے اضافی ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں بھی بھارتی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔وزارت صحت نے بتایا کہ متاثرہ شخص میں وائرس کی معمولی علامات پائی گئی تھیں، اور اس کو مکمل صحت یاب ہونے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے اور اس کے گھر والوں میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، متاثرہ شخص کے ساتھ آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔کوروناوبا کے باعث گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دور ان مزید 56 افراد چل بسے ،2 ہزار سے زائد مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 ہزار 965 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جس کے بعد مجموعی ٹیسٹس کی تعداد 13,169,35 ہوگئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 2 ہزار 697 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 918,936 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و
شمار کے مطابق اب تک سندھ میں 3 لاکھ 16 ہزار 752 ، پنجاب میں 3 لاکھ 39 ہزار 073، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 32 ہزار 170، اسلام آباد میں 81 ہزار 116، بلوچستان میں 25 ہزار 083 ، آزاد کشمیر میں 19 ہزار 170 اور گلگت بلتستان میں 5 ہزار 572 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں
کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد58 ہزار 878 ہے۔ جب کہ4 ہزار سے زائد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 56 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 20 ہزار 736 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق کورونا سے ایک دن میں 2 ہزار 620 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 839322 ہوگئی ہے۔