بغداد (این این آئی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بغداد میں عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کی جانب سے عراقی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان،اور عراق کے درمیان گہرے دو طرفہ، برادرانہ تعلقات ہیں ،یہ دو طرفہ تعلقات، یکساں مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار کی بنیاد پر استوار ہیں ۔وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پرآپ کے جلد دورہ ء پاکستان کے منتظر ہیں ،مذہبی حوالے سے، پاکستانی عوام کا عراق کے ساتھ قلبی لگاؤ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہر سال دولاکھ سے زائد پاکستانی،زائرین مقامات مقدسہ کی زیارت کیلئے نجف، کربلا اور بغداد آتے ہیں ۔وزیر خارجہ نے عراقی وزیر اعظم کو،حکومت پاکستان کی جانب سے، زائرین کو درپیش سفری و دیگر مشکلات کے ازالے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا ۔وزیر اعظم عمران خان کے وڑن کی روشنی میں ہم. اپنی توجہ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر مرکوز کیے ہوئے ہیں – وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور عراق کے مابین تعلیم، زراعت، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آئی ٹی، اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں – عراقی وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ صحت کے شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر خارجہ نے صحت کے شعبہ میں دو طرفہ تعاون کے حوالے سے عراقی وزیر اعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا۔ انہوںنے کہاکہ عراق کی جانب سے توانائی کے شعبے میں پاکستان کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے ۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کیلئے ایک جامع فریم ورک بنانے کی تجویز دی جس پر عراقی وزیراعظم نے آمادگی کا اظہار کیا ۔وزیر خارجہ نے عراقی وزیراعظم کو افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کوششوں سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان، خطے میں دیرپا امن و استحکام اور روابط کے فروغ. کیلئے، افغان امن عمل کی کامیابی کو ناگزیر سمجھتا ہے -وزیر خارجہ نے عراقی وزیر اعظم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور یکطرفہ بھارتی اقدامات کے باعث، علاقائی امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔وزیر خارجہ نے عراقی وزیر اعظم کو مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور کشیدگی میں کمی لانے کیلئے پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کیا ۔عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے وزیر خارجہ کو عراق آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کرونا وبا کے دوران پاکستان کی جانب سے بھجوائی گئی امداد پر وزیر اعظم عمران خان اور دیگر قیادت کا شکریہ ادا کیا۔عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین بھی اس ملاقات میں شریک تھے۔