اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا ادارہ شماریات (پی بی ایس) خود مختار ادارہ ہے، اس کے ڈیٹا میں ٹیمپرنگ نہیں ہوسکتی۔ڈاکٹر عشرت حسین کے ہمراہ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ
جی ڈی پی کے اعداد و شمار 9 ماہ کے ڈیٹا پر تیار کیے ہیں، جی ڈی پی کا ڈیٹا عالمی معیار کے مطابق اکٹھا کیا گیا ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ پی بی ایس خود مختار ادارہ ہے، پی بی ایس کے ڈیٹا میں ٹیمپرنگ نہیں ہوسکتی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں روپیہ کی قیمت اوور ویلیو تھی۔انہوںنے کہاکہ نیشنل اکائونٹس کی ری بیسنگ کی جائے گی، نیشنل اکائونٹس کو 18-2017 کے ڈیٹا کی بنیاد پر ری بیس کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ جب ہم آئی ایم ایف پروگرام میں گئے تو آپشن محدود تھے،اب ہمارے پاس آپشن زیادہ ہیں، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ چکے ہیں، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہوچکا ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئی ایم ایف سے قرض پروگرام پر دوبارہ بات چیت کریں گے۔