اسلام آباد(آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے جہانگیر ترین معاملے کی تحقیقات کرنے والے بیرسٹر علی ظفر کو کام سے روکنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی ۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کا ہمارے دائرہ کار سے تعلق نہیں پھر بھی لوگ اس طرح عادی درخواست گزار کیس کریں گے تو عام سائلین کا کیا ہو گا،ڈپٹی اٹارنی جنرل سید طیب شاہ نے کہا کہ درخواست گزار شہری اس معاملے میں متاثرہ فریق بھی نہیں فوجداری مقدمات میں غیر متعلقہ فرد درخواست بھی نہیں دے سکتا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا عدالت کو ایسی درخواستیں سننی چاہییں؟جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ایسے اجنبی غیر متعلقہ درخواست گزاروں کی درخواستیں نہیں سنی جانی چاہئیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ لوگ اس طرح کی درخواستیں عدالت لا کر عدالتی وقت ضائع کرتے ہیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں عام سائلین کے زیر التوا کیسز بھی متاثر ہوتے ہیں ۔