اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)زلفی بخاری نے اسد عمر کو دوبارہ کابینہ کا حصہ بنانے کی خواہش کا اظہار کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’اسد عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ‘‘۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان کی اسد عمر سے امیدیں وابستہ ہیں ۔ ملک کی موجودہ صورتحال پر اسد عمر کی کابینہ میں ہونا اشد ضرور ی ہے ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے اسد عمر کے
استعفے کے بعد وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت متعدد وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیئے ہیں، اعجاز شاہ وزیر داخلہ ، حفیظ شیخ مشیر خزانہ ، فردوس عاشق اعوان معاون برائے اطلاعات اور اعظم سواتی پارلیمانی امور کے وزیر مقرر کردیئے گئےہیں ۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات واپس لے کر انہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان دے دیا گیا ہے، ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا ہے۔