اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے بجلی کے نئے کنکشن کے حصول کیلئے درکار وقت میں ایک ماہ کی کمی کی ہدایت کی ہے ۔ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت کاروبار میں آسانی اجلاس ہوا جس میں چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ وزیراعظم کو بتایاگیاکہ نئی کمپنیوں کی ایس ای سی پی کے ساتھ آن لائن رجسٹریشن ایک دن میں کروائی جا سکتی ہے،ایس ای سی پی کو پنجاب اور سندھ کی آن لائن پورٹل کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے ،لاہور میں تمام تعمیراتی اجازت نامے
کیلئے ون ونڈو نظام شروع کر دیا گیا ہے،کراچی میں بھی تعمیراتی کاموں کیلئے درکار اجازت نامہ کے وقت میں نمایاں کمی کی گئی ہے،پنجاب میں پراپرٹی رجسٹریشن کا نظام مکمل طور پر آٹومیٹک بنا دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی ٹیکسوں اور ڈیوٹی کی آن لائن ادائیگی کا نظام شروع کر دیا گیا ہے،مختلف محکموں کو پاکستان کسٹمز کے آن لائن نظام ویبوک سے منسلک کر دیا گیا ہے،کے الیکٹرک نے نئے کنکشن کیلئے آن لائن نظام کا آغاز کر دیا ہے،وزیراعظم نے بجلی کے نئے کنکشن کے حصول کیلئے درکار وقت میں ایک ماہ کمی کی ہدایت کر دی۔