راولپنڈی (آئی آئی پی) پاک فوج کسی بھی بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر مکمل طور پر الرٹ ہیں، عوام الناس محتاط رہتے ہوئے افواہوں پر توجہ نہ دیں اور ذمہ داری کے ساتھ سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دستے اور مجموعی طور پر پاکستان کی تینوں مسلح افواج بھارتی جارحیت سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں میں بھارت کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کوٹلی، کھوئی رٹہ، تتہ پانی سیکٹرز میں بھارت کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے دستوں نے موثر جوابی فائرنگ کی جس میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں اور بھارتی فوج کی پوسٹوں کی تباہی کی اطلاعات ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر شہری آبادی پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور دو شہری زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کسی بھی بھارتی جارحیت سے نمٹنے کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ ہیں جبکہ پاک فضائیہ اور پاک بحریہ بھی مکمل طور پر الرٹ ہیں۔