لاہور(این این آئی )جی ٹی روڈ مارکیٹ میں دکانداروں نے کپڑے کا تھان چوری کرنے کے الزام میں دو خواتین کو مغوی بنالیا، ملزمان نے خواتین کو پولیس کے حوالے کرنے کی بجائے قانون کو ہاتھ میں لیتے ہوئے ان پر بد ترین تشدد کیا ۔خواتین کو نہ صرف بہیمانہ انداز میں مارا پیٹا گیا بلکہ ان کی سرعام تذلیل بھی کی گئی۔ واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی جس میں ملزمان بے بس اور مجبور خواتین پر ڈنڈوں، لاتوں اور تھپڑوں کا آزادانہ استعمال کررہے ہیں۔ ویڈیو سامنے
آتے ہی وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔وزیراطلاعات پنجاب فیض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ آ ئی جی پنجاب اورسی سی پی اولاہور کوہدایت جاری کر دیں۔واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کی شناخت چوہدری اعجاز مناواں کے نام سے ہوئی ۔پولیس کے مطابق چار ملزمان کو شناخت کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔