لاہور ( این این آئی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 14ویں ایشیاء کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا اعلان کردیاجس میں محمد حفیظ اور عماد وسیم کو شامل نہیں کیا گیا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔متحدہ عرب امارات میں شیڈول 14ویں ایشیا کپ کے لیے سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔اسکواڈ میں سرفراز احمد (کپتان)، فخر زمان،
امام الحق، شان مسعود، بابر اعظم، شعیب ملک، جنید خان، عثمان شنواری، شاہین شاہ آفریدی، آصف علی، حارث سہیل، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی اور محمد عامر شامل ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ میں دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں۔محمد حفیظ کی سلیکشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مایہ ناز آل رانڈر کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا، وہ پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں۔عماد وسیم کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کے لیے 3مواقع دیئے گئے، تاہم اپنی انجری کے باعث وہ ٹیسٹ کلیئر نہیں کر سکے۔انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے 6فاسٹ بالرز کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جن کی پرفارمنس اچھی ہے لیکن ان کو اس وقت موقع نہیں دیا جاسکتا۔کامران اکمل کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ میں کھلاڑیوں کا انتخاب کرتا ہوں، انہیں بلے مارنے کا نہیں کہتا، تاہم ڈراپ ہونے والے کھلاڑیوں کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔