اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے ابھی تک کسی کو وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کے لیے نامزد نہیں کیا ہے، وزارتِ عظمیٰ کے نام تو بہت سے سامنے آئے ہیں لیکن حتمی کوئی بھی نہیں ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے
معروف صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ جیسے ایک پروگرام لگتا تھا کون بنے گا کروڑ پتی۔ جس میں کروڑ پتی کا امیتابھ بچن کے علاوہ کسی کو پتہ نہیں ہوتا تھا۔ معروف صحافی نے کہا کہ پنجاب میں بھی صورتحال کچھ ایسی ہی بنی ہوئی ہے۔ معروف صحافی نے کہا کہ عمران خان کے جو زیادہ قریب ہو گا وہی وزیراعلیٰ پنجاب بنے گا کیونکہ اس ملک میں کوئی قانون نہیں چلتا، انہوں نے کہا کہ اگر یہ بات کریں کہ کوئی نیب زدہ امیدوار تحریک انصاف کی کابینہ کا حصہ نہیں بن سکتا تو عمران خان توخود نیب میں پیشی بھگت چکے ہیں۔ معروف صحافی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے پاکستان میں میرٹ کا لفظ میرج میں بدل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کا اچھا استخارہ آئے گا یا جس کا اچھا فعال نکلے گا وہ ہی وزیراعلیٰ بن جائے گا۔ پروگرام کے دوران صحافی محمد مالک نے اس بات کو فوراً آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ کیا آپ اس بات کی وضاحت کریں گے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے استخارہ کیا جائے گا؟ جس کے جواب میں معروف صحافی عارف حمید بھٹی نے کہا کہ مجھے معاف کر دیں۔ میرے منہ سے بس ایسے ہی یہ الفاظ نکل گئے۔