اسلام آباد(یوپی آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہاہے کہ عمران خان نے کراچی کے عوام کے لئے سفری سہولت پیدا کرنے کے لئے ڈبل ڈیکر بسیں دینے کاوعدہ کیا ہے ،ایم کیو ایم سے متعلق متنازعہ بیان بازی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ حکومت بنانا سب سے بڑی ترجیح ہے ۔جمعرات کے روز بنی گالہ میں خرم شیر زمان کے ہمراہ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مجھے ایم کیو ایم کے متعلق بیان بازی پر
محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے ،جبکہ کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کے غضب سے بچانا اور محرومیوں کا ازالہ کرنا اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اہلیان کراچی کے لئے ڈبل ڈیکر بسیں دے کر سفری سہولیات دینے کیساتھ ساتھ پانی کے مسئلے کو حل کرنے اور بہترین بلدیاتی نظام لانے کا وعدہ کیا ہے ۔فردوس شمیم نقوی نے کہاہے کہ سندھ اسمبلی میں قائدحزب اختلاف کا فیصلہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کریں گے جبکہ گورنر سندھ کے معاملے پر آج کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔